ایک صاحب کی غلیطی پر ماخزہ فرماتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالٰی ہی نے اپنی رحمت سے ہمت دی ہے کہ بوجود اتنی لمبی چوڑی اذیتوں کے پھر تحمل کی توفیق ہوتی ہے بدون توفیق کوئی کر نہیں سکتا اور زیادہ اذیت بے سمجھے بیعت پر اصرار کرنے سے ہوتی ہے سو اول تو خود بیعت ہی ضروری چیز نہیں خواہ مخواہ لوگ اس میں الجھتے ہیں اور نہ یہاں کے قیام میں مجھ کو مکاتبت مخاطبت کی فرصت ضرورت تو اسکی ہے کہ یہاں پر چند روز بیٹھ کر باتیں سنیں اور چلے جائیں چاہے اعتقاد لیکر جائیں اور چاہے بداعتقادی لیکر جو رائے قائم ہو اسپر عمل کریں تو لوگ اسکو ٹالنا سمجھتے ہیں یہ بھی بد فہمی کی بات ہے نئے آدمی کو جسقدر نفع یہاں پر خاموش بیٹھنے میں ہو سکتا ہے مکاتبت مخاطبت سے وہ نفع قیامت تک بھی نہیں ہو سکتا اور اگر خاموش بیٹھنے سے نفع نہ ہو تو اسی سے قابلیت معلوم ہو جائیگی تو ایسے شخص سے تعلق رکھنا ہی بیکار اس لئے کہ جس میں میں اسقدر بے حسی ہوا اسکو کیا نفع پہنچ سکتا ہے اسی لئے یہاں نئے آنے والے سے یہ شرط کر لی جاتی ہے کہ اگر مخاطبت مکاتبت نہ کرو اور خاموش مجلس میں بیٹھے رہو تو آنے والے کی اجازت ہے اگر کسی کو یہ طرز پسند نہ ہو یہاں نہ آئے کہیں اور تعلق پیدا کرے اگر بولنا چاندی ہے تو سکوت سونا ہے ہمارے حضرت حاجی صاحب رحمتہ اللہ علیہ کا فیصلہ اس بارہ میں یہ ہے کہ شیخ کو زبان ہونا چاہیئے یعنی افادات کا ناطق ہو اور مرید کو کان ہونا چاہیئے یعنی انصات و استماع ( خاموش رہئے اور صرف سننے ) پر عامل ہو شیخ کو یہ خطاب فرماتے ہیں ـ
بنامے رخ کہ خلقے والہ شوند و حیران بکشائے لب کہ فریاد از مرد و زن برآید
اور مرید کو یہ خطاب فرمایا جاتا ہے ـ
چند گوئی خواجہ نظم و نثر فاش ، یک دو روزے امتحان کن گنگ باش
پہلے زمانہ میں مجاہدے چار تھے قلت الکلام کم بولنا قلت المنام کم سونا قلت الطعام کم کھانا قلت الاختلاط مع الانام کم ملنا مگر اس وقت محققین نے دو کو حذف کر دیا ہے یعنی قلت الطعام اور قلت المنام اس لئے کہ قوی ضعیف ہیں ان دو مجاہدوں کے جو ثمرات ہیں یعنی انکسار قوت بہیمیہ وہ اس وقت تو بلا مجاہدہ ہی حاصل ہیں دو باقی رکھا جائے یعنی قلت الکلام اور قلت الاختلاط مع الانام غرض قیل و قال سے سالک کو بڑا ہی ضرر ہوتا ہے خصوص مبتدی کو اگر قلت کلام کے ساتھ ایک تو گناہوں کو چھوڑ دے دوسرے تخلیہ اختیار کر لے انشاءاللہ تعالٰی تصفیہ قلب میسر ہو جائے گا دیکھئے پھر لوگوں سے ملکر دیکھئے معلوم ہو جائیگا کہ بولنا کوئی نافع چیز ہے یا سکوت غرض مبتدی کے لئے بہت ہی ضروری ہے کہ خاموش رہے ـ
