ملفوظ 491: ایک مولوی صاحب کے تعریفی کلمات پر حضرت کا جواب

ملفوظ 491: ایک مولوی صاحب کے تعریفی کلمات پر حضرت کا جواب مولوی صاحب نے عرض کیا کہ اب کی مرتبہ حضرت کے یہاں آ کر اس قدر اطمینان ہوا ہے میں بیان نہیں کر سکتا – بہت سے شبہات کا ازالہ ہو گیا اور بہت سے افکار سے نجات ہو گئی حق تعالی حضرت کو جزائے خیر عطا فرمائیں وہ باتیں معلوم ہوئیں جو سوچنے سے بھی قیامت تک سمجھ میں نہ آتیں فرمایا کہ میری کیا معلومات اور کیا تحقیقات – آپ خود اللہ کے فضل سے عالم ہیں مفسر ہیں محدث ہیں فقیہ ہیں – مناظر ہیں مجھ کو تو کتابیں تک مستحضر نہیں رہیں اور میں سچ عرض کرتا ہوں کہ میں تو خادم ہوں اور خادم ہی بن کر رہنے کو جی چاہتا ہے اور آپ نے جو کچھ فرمایا یہ سب آپ کی محبت کا اقتضاء ہے –