ملفوظ 410: ایک مصیبت پر تین شکر

ایک مصیبت پر تین شکر فرمایا کہ آج ایک جگہ سے افطار کی دعوت آئی ہے مگر میں معذور ہوں کہیں آنے جانے سے اس آنت کی تکلیف کیوجہ سے ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت یہ تو بڑی تکلیف ہے فرمایا اس سے زائد نہیں یہی محل شکر ہے ـ ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کا ارشاد ہے کہ جب مجھ پر کوئی مصیبت آتی ہے تو تین وجہ سے شکر واجب سمجھتا ہوں ایک تو یہ کہ اس سے زائد نہ ہوئی دوسرے یہ کہ دین پر کوئی آفت نہ آئی تیسرے یہ کہ جزع فزع نہ کیا اللہ تعالی نے صبر عطا فرمایا ـ سبحان اللہ ! بالکل صحیح ہے ـ