اپنے بارے میں کسی خاص معمول کا پابند نہ ہونا ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ میرے یہ معمولات جو اپنے متعلق ہیں ان میں تو میں بہت ڈھیلا ہوں کوئی پابندی نہیں اور یہ جو انتظام کی صورت نطر آتی ہے ـ یہ ان امور میں ہے کہ جن کا تعلق دوسروں سے ہے باقی اپنے متعلق تو یہ ہے کہ جہاں دونوں شقیں مباح ہوں کبھی اس پر عمل کر لیا کبھی اس پر عمل کر لیا ـ حاصل یہ ہے کہ کبھی کر لیا کبھی نہیں ـ ہاں اس کی ضرور کوشش کرتا ہوں کہ مباح کی حد تک عمل رہے شریعت کے خلاف نہ ہو اور میں اپنی حالت صاف صاف اسلئے بتلا دیتا ہوں کہ کسی کو دھوکہ نہ ہو ـ
