( ملفوظ 200) عرب جیسی قوم کی اصلاح چند دنوں میں

ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ عرب کی اصلاح سے بڑا عاقل بھی سو ڈیڈھ سو برس سے کم مدت میں نہ کر سکتا ایسی جہالت تھی مگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے چند روز میں کایا پلٹ کر دی واقعی خدا کی امداد کا فضل تھا اور زیادہ جلد اثر ہونیکا ظاہری سبب یہ ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے کسی فعل سے یہ متوہم نہیں ہو سکتا تھا کہ آپ نے کوئی پالیسی کی ہو ورنہ دوسرا آدمی کتنا صاف ہو لیکن کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی بات کو ضرور مخفی کرتا ہے مگر حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی جو حالت تھی اور جو واقعات تھے حتی کہ جن کا تعلق ازواج مطہرات سے تھا وہ بھی کسی پر مخفی نہ تھا حضور نے کبھی اسکی پروا نہیں کی آپکی جو حالت تھی بالکل کھلی ہوئی تھی کسی حالت سے کسی کو دوھوکا نہیں ہو سکتا تھا اور یہی وجہ ہے کہ جو بھی اس حالت کو دیکھ کر ایمان لائے وہ دل سے لائے مضبوط اور جان نثار ثابت ہوئے ـ