(ملفوظ 235)غیرمحقق مشائخ کا حال :

ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ آج کل کے غیرمحقق مشائخ وہی مرغے کی ایک ٹانگ متقدمیں کے زمانہ کی تعلیم اور دو مجاہدات کے متعلق طالبوں کودئے چلے جاتے ہیں کچھ خبر نہیں کہ طالب کو فرصت کتنی ہے جسمانی قوت کا کیا حال ہے اور نہ یہ خبر کہ یہ کام کر بھی سکتا ہے اور نہ یہ معلوم کہ اس کی مناسبت کس چیز سے ہے یعنی اس کے لئے ذکروشغل کی کثرت مناسب ہے یا تلاوت قرآن کی کثرت حالانکہ شیخ کو مبصر ہونا چاہئے اس کی تشخیص اور تجویز طبیب حاذق کی طرح ہونا چاہئے مثلا آج کل قویٰ کمزور ہیں اس لیے کم کھانا کم سونا کسی طرح مناسب نہیں اس سے اندیشہ ہے تندرستی خراب ہوجانے کا میرے یہاں بحمداللہ ہرشخص کی حالت لے موافق تعلیم ہوتی ہے شاق تعلیمات پہلے لوگوں کے واسطے ہوتی تھیں وہ قوی تھے ان کے قویٰ اس قسم کے مجاہدات برداشت کرسکتے تھے اب برداشت نہیں کرسکتے نہیں تو ایسی حالت میں آدمی کیوں اس قدرمشقت میں پڑے حق تعالٰی فرماتے ہیں لا یکلف اللہ نفسا الاوسعہا اور فرماتے ہیں کلوا من طیبت مارزقنکم خوف کھاؤ پیو اور نیک کام کرو ۔