ملفوظ 406: حضرت حاجی صاحبؒ کی تعلیم و تسلی

حضرت حاجی صاحبؒ کی تعلیم و تسلی ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ حضرت حاجی صاحبؒ کا مذاق اس قدر محققانہ اور مربیانہ ہے کہ کبھی کسی کو پریشانی ہو ہی نہیں سکتی حضرت اس فن کے مجدد تھے امام تھے کیسی پاکیزہ اور تسلی بخش تعلیم ہے جو اوپر کے ملفوظ میں گذری ہے کہ کیا یہ نفع نہیں ہے کہ اللہ تعالی کا نام لیتے ہو – اس کا حاصل یہ ہوا کہ یہ سوال کہ اللہ کا نام لینے سے کیا نفع ہوا جب کرو جب کہ ذکراللہ مقصود بالغیر ہو ـ اب بتلایئے کہ جو شخص ذکر کو مقصود سمجھے گا اس کو کیا پریشانی ہو گی اس لئے پریشانی تو مقصود حاصل نہ ہونے پر ہوا کرتی ہے ـ