ملفوظ 377: ہندوستان میں شیعوں کا اثر ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت ! علی کے نام پر ہندوستان میں بہت نام رکھے جاتے ہیں اس کی کیا وجہ ہے فرمایا کہ میرے ایک دوست مولوی صاحب اس کی وجہ یہ فرماتے تھے کہ ہندوستان پر شیعوں کا اثر زیادہ ہے اس وجہ سے علی پر نام زیادہ رکھتے جاتے ہیں واللہ اعلم ـ
فرمایا ایک اور بات بھی ایسی ہی ہے مثلا امام حسین علیہ السلام امام حسن علیہ السلام امام جعفر صادق علیہ السلام کہتے ہیں مگر یہ کوئی نہیں کہتا کہ امام ابوبکر صدیق علیہ السلام امام عمر فاروق علیہ السلام حتی کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ کے نام کے ساتھ بھی امام کا لقب نہیں استعمال کرتے ـ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حضرات اہل بیت کے ساتھ اس کو مخصوص سمجھتے ہیں اور حضرت علی اس میں دوسرے صحابہ کے شریک رہے اس شرکت پر ایک قصہ یاد آ گیا کہ ایک جاہل شیعی نے مسجد کے محراب پر لکھا دیکھا ـ چراغ و مسجد و محراب و ممبر ٭ ابوبکر و عمر و عثمان و حیدر غصہ میں آ کر کہا کہ ہم تو تمہاری وجہ سے لڑتے پھرتے ہیں اور تم کو جب دیکھتے ہیں ان ہی کے ساتھ بیٹھا دیکھتے ہیں یہ کہہ کہ غصہ میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے نام مبارک کو چھری سے چھیل ڈالا ـ
