(ملفوظ 406) خانقاہ میں انسان بنانے کا کام

کسی نے علمی مسئلہ کی تحقیق کی اس پر فرمایا کہ کام بڑے کام جیسے درس و افتاء وامثالہا بڑے حضرات کررہے ہیں دوسرے یہ کام اور جگہ یہاں سے اچھا ہورہا ہے میں تو وہ کام کررہا ہوں کہ اور جگہ ہو بھی نہیں رہا ۔ اور ہے بھی چھوٹا کام اسی لئے مجھ سے بڑے کام لینا انصاف کے خلاف ہے یہ ایسا ہی ہے کہ جیسے کوئی شخص لوہار سے سنار کا کام لے یہ کتنی بے انصافی کی بات ہے ۔ پھر فرمایا کہ نہ میں عالم بنانا جانتا ہوں نہ میں بزرگ بنانا جانتا ہوں میں تو آدمی بنانا جانتا ہوں اگر اس سے آگ کوئی چاہے تو وہ کہیں اور جائے پھرآدمی بنانے کا جو طریقہ میرے یہاں ہے یہ چونکہ اس وقت دوسری جگہ ہے نہیں اس وجہ سے لوگوں کی نظر میں بات نئی ہوگی ۔ ورنہ واقع میں پرانی ہی ہے پھر فرمایا جن لوگوں مجھ سے بے تکلفی کا تعلق نہیں ان کو مجھ سے ایسی علمی گفتگو کرنا نہ چاہئے ۔ ہاں جن کو پہلے سے یعنی اس تعلق تربیت کے قبل سے بھی مجھ سے بے تکلفی بھی ہے ان وکو اجازت ہے ۔
25 شوال المکرم 1350 ھ مجلس بعد نماز ظہر یوم جمع