ملفوظ 481: کچھ کرو خالی مت رہو

کچھ کرو خالی مت رہو ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ جو آپ فرما رہے ہیں یہ تو بڑے لوگوں کی باتیں ہیں ہم نے تو یہ سیکھا ہے کہ بھائی کچھ کرو خالی مت رہو – اور جو لوگ کچھ نہ کریں وہ کم از کم سمجھتے رہیں کہ ہم کچھ نہیں کر رہے ہیں یہ بھی ایک درجہ ہے اس پر فرمایا کہ میں نے تو اپنے جیسے کم ہمتوں کے لئے ڈھونڈ ڈھانڈ کر حضرت سعید ابن المسیب تابعی کا ایک قول نکالا ہے وہ فرماتے ہیں کہ عشاء کی نماز جماعت سے پڑھنے پر شب قدر کی فضیلت میسر ہو جاتی ہے ( کذافی جمع الفوائد بروایتہ مالک ) پھر فرمایا کہ صاحب ہم جیسے ضعیفوں کے لیے تو یہ بڑی نعمت ہے پھر قوت و ضعف کے تفاوت سے اعمال کی کثرت و قلت کے مناسب یہ واقعہ بیان فرمایا کہ یہ روایت سنی ہے مولوی محمد یسین صاحب یعنی مولوی محمد شفیع صاحب کے والد نفل روزے بہت رکھا کرتے تھے اور حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب رحمتہ اللہ علیہ کے یہاں جا کر افطار کیا کرتے تھے – ایک روز مولانا نے فرمایا کہ مولوی صاحب یہ نہ سمجھنا کہ میں روزے رکھتا ہوں اور یہ نہیں رکھتے ہم نے بھی بہت روزے رکھے ہیں –