ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ آج کل شرفا بہت پریشان ہیں ـ روز گار نہیں ملتا زیادہ تر شریفوں ہی کے ایسے خطوط آتے ہیں غریب لکھتے ہیں کہ نوکری ڈنڈھتے ہیں مگر نہیں ملتی ـ بڑا ہی رنج ہوتا ہے ـ بی اے پاس ہیں ـ ایم اے پاس ہیں مگر نوکری نہیں ملتی ـ اب تو یہ سوال ہونے لگا ہے کہ انگریزی پڑھ کر کہاں سے کھاؤ گے ـ پہلے یہ لوگ عربی دانوں سے پوچھتے تھے کہ عربی پڑھ کر کہاں سے کھاؤ گے یہاں ایک بزرگ تھے وہ کہا کرتے تھے کہ علم دین کا تو ادنی نصاب بھی معاش کے لئے کافی ہے ـ دیکھئے کوئی شخص اذان یاد کر لے جو پانچ منٹ کا کام ہے اور کسی مسجد میں جا بیٹھے پھر سارے کنبہ کو روٹیوں کی کمی نہ ہوگی ـ اور انگریزی میں اعلی نصاب سے کم تو بالکل ہی بیکار ہے اور اب اعلی اعلی پاس کرنے پر بھی روٹیاں ملنی دشوار ہو گئیں ـ
25 ـ محرم الحرام 1351 ھ مجلس بعد نماز ظہر چہار شنبہ
