(ملفوظ 153)سوال کرنے کا پیشہ بنالینا برا ہے :

ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ کچھ سوال کی عادت ہی ہو جاتی ہے ضرورت اور مجبوری ومعذوری پرتو سوال کا مضائقہ نہیں مگر پیشہ بنالینا تو نہایت ہی بے غیرتی کی بات ہے غیرت میں تو دینے والے کی درخواست پربھی کہنے کی ہمت نہیں پڑتی میں جس وقت رنگون گیا تھا تو حاجی محمد یوسف صاحب نے یہ کہدیا تھا کہ اگر کوئی موقع خیرکا ہوا کرے تو اطلاع کردی جایا کرے ہم بھی اس میں شریک ہوجایا کریں مگر چونکہ عادت نہیں کبھی زبان نہیں اٹھی قلم نہیں چلا چنانچہ آج تک بھی کبھی نہیں لکھا حالانکہ ان کی حالت پرمجھ کو ہرطرح کا اطمینان ہے مالدار بھی ہیں مخلص بھی ہیں مگر اپنے نفس پراطمینان نہیں نفس کو گنجائش مل جانے کا اندیشہ ہے اسی وجہ سے اور بھی ایسی باتوں سے اجتناب رکھتا ہوں ۔