ملفوظ373: ٹکسال دکھانے پر ایک انگریز کا شکریہ

ٹکسال دکھانے پر ایک انگریز کا شکریہ فرمایا کہ میں حیدر آباد گیا تھا قریب چودہ روز کے وہاں پر قیام رہا چند وعظ بھی ہوئے ایک صاحب وہاں پر ہیں جو ارکان سلطنت میں سے ہیں بڑے عہدے پر ممتاز ہیں انہوں نے مجھ سے کہا کہ دارالضرب (ٹکسال) کی بھی سیر کر لیجئے میں گیا وہاں ایک انگریز نے تمام جگہ کی سیر کرائی جب میں واپس ہونے لگا تو اس انگریز کا میں نے ان لفظوں میں شکریہ ادا کیا کہ آپ کے اخلاق سے بہت جی خوش ہوا آپ کے اخلاق تو ایسے ہیں جیسے مسلمانوں کے ہوتے ہیں ـ میں نے اس سے یہ ظاہر کر دیا کہ یہ سب تم نے ہمارے ہی گھر سے لیا ہے یہ کوئی تمہارا کمال نہیں نہ تمہاری قوم کا یہ بھی مسلمانوں ہی کا صدقہ ہے مسلمانوں جیسے اخلاق کوئی پیدا کر لے حقیقی اخلاق مسلمانوں ہی کے ہیں کیونکہ مسلمانوں کے اخلاق عرف کے تابع نہیں حقیقت کے تابع ہیں اور حقیقت بدلتی نہیں اسلئے اسلامی اخلاق حقیقی اخلاق ہیں ـ