( ملفوظ 640)تصوف کی کتابیں منتہی کے لئے ہوتی ہیں

ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ تصوف کی کتابیں منتہی کے واسطے ہیں مبتدی کے لئے نہیں جیسے کتابیں طب کی طبیب کے لئے ہیں مریض کے لئے نہیں بس اسی طرح تصوف کی کتابیں شیوخ کے لئے ہیں عوام الناس کے لئے نہیں آخر قرآن پاک میں حق تعالی فرماتے ہیں :
ھل یستوی الذین یعلمون و الذین لا یعلمون
سو دونوں ہر معاملہ میں مساوی کیسے ہو سکتے ہیں ایک جاہل غیر مقلد ایک حدیث کی کتاب دیکھ رہے تھے وہ کتاب اردو میں تھی آج کل اردو میں ترجمے ہو گئے ہیں اس میں وہ حدیث تھی : من ام منکم فلیخفف اور اس کا ترجمہ تھا کہ امام کو چاہئے کہ ہلکی نماز پڑھے آپ نے ہلکی کو ہل کے پڑھا جس کے معنی جنبش کے ہیں پس آپ نے یہ شروع کیا کہ جب امامت کرتا تو خوب ہلا کرتا اسی طرح ایک شخص نے مسائل کی کتاب میں دیکھا کہ دو رکعت بھری اور دو خالی پڑھے تو آپ نے سنتوں میں بھی دو خالی اور دو بھری پڑھنا شروع کر دیا اور سالہا سال تک اسی طرح پڑھی ۔