(ملفوظ 6)بزرگوں کے مزار پر خرافات پر اظہار افسوس :

ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ آج کل جاہلوں نے بزرگان دین کے مزارات پر نہایت ہی خرافات برپا کررکھی ہیں کھلم کھلا شرک وبدعت کرتے ہیں اور منع کرنے والوں کو بزرگوں کا مخالف اور نہ ماننے والا بتلاتے ہیں اجمیرہی میں دیکھ لیجئے کیسے کیسے بزرگ ہیں حضرت خواجہ معین الدین رحمتہ اللہ علیہ جیسی ہستی جنہوں نے تمام عمر توحید اور اسلام کی خدمت اور کفار سے معاملہ میں گزار دی اب ان سے عقیدت رکھنے والے اور محبت کا دعوی کرنے والے شرک وبدعت میں مبتلا ہیں یہ متبعین اور معتقدین ہیں مقام عبرت کو تماشا گاہ اور فسق فجور کا مرکز بنا رکھا ہے خوف خدا تو ان لوگوں کے قلوب میں رہا نہیں حالات سن سن کر نہایت ہی قلب دکھتا ہے یہ بدفہم بزرگوں کو بھی بدنام کرتے ہیں عوام کی تو شکایت ہی کیا جو لکھے پڑھے کہلاتے ہیں ان کو ان خرافات اور شرکیات وبدعات میں ابتلاء ہورہا ہے اناللہ وانا الیہ رجعون ۔