( ملفوظ 604) حضرت حاجی صاحب کا حضرت گنگوہی کو فرمان

ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ مولانا شیخ محمد صاحب حضرت مولانا گنگوہی کی نسبت چاہتے تھے کہ مجھ سے بیعت ہوں مگر حضرت مولانا نے حاجی صاحب کو ترجیح دی اور حاضر ہو کر چالیس روز رہے اور چاہیس روز تک ایک ہی جوڑا بدن پر رہا جب رخصت ہو کر چلے تو حضرت حاجی صاحب نے فرمایا کہ جو کچھ دینا تھا میں دے چکا مولانا نے دل میں کہا کہ کیا دیا میں تو جیسا پہلے تھا ویسا ہی اب بھی ہوں مگر حضرت نے یہی فرمایا کہ جو ہم کو دینا تھا دے چکے حضرت گنگوہی فرماتے تھے کہ پندرہ برس کے بعد معلوم ہوا کہ حضرت نے کیا دیا تھا اور یہ بھی فرمایا کہ اگر یہ معلوم ہوتا کہ وہ چیز یہ ہے تو اتنی محنت کیوں کرتے یہ تو بلا محنت ہی مل جاتا ہے میں نے کہا جی ہاں اس محنت ہی کی بدولت توپندرہ برس کے بعد معلوم ہوا کہ یہ دیا تھا ۔