ملفوظ 419: کسب حلال کے سلسلہ میں فتوے اور تقوی

کسب حلال کے سلسلہ میں فتوے اور تقوی فرمایا فیروز پور چھاؤنی سے ایک وکیل صاحب کا خط آیا ہے اس میں لکھا ہے کہ وکالت جائز ہے یا نہیں میں نے جواب میں لکھا ہے کہ کیا آپ کے پاس کوئی اور ذریعہ معاش ہے اب دیکھئے کیا جواب آتا ہے جیسا وہاں سے جواب آئے گا ویسا یہاں سے جواب جائیگا ـ کسب حلال کے سلسلہ میں فرمایا کہ حضرت احمد بن حنبل سے ایک عورت نے مسئلہ پوچھا کہ حضرت ایک روز گھر میں تیل نہ تھا ایک رئیس کی سواری شب کو مکان کے سامنے سے گذری سلسلہ دراز تھا میں نے اپنے دروازہ میں بیٹھ کر اسی روشنی میں چرخہ چلایا نہ معلوم وہ تیل حلال تھا یا حرام اس سوت سے نفع حاصل کرنا جائز ہے یا نہیں ـ دریافت فرمایا کہ تم کون ہو عرض کیا کہ میں بشرحافی رحمتہ اللہ علیہ کی بہن ہوں فرمایا کہ اگر کوئی اور ہوتا تو اجازت دیدیتا بشر حافیؒ کی بہن کو اجازت نہیں دے سکتا ـ