ملفوظ 171: شیخ کی طرف دیکھنے کا طریقہ

شیخ کی طرف دیکھنے کا طریقہ ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت شیخ کی طرف دیکھنا یا اس کی طرف نظر کرنا کیا اس سے برکت حاصل نہیں ہوتی ـ فرمایا ہوتی ہے لیکن طریق اس کا یہ ہے کہ ایسے وقت دیکھے ـ جب یہ دیکھ لے کہ شیخ اس کے دیکھنے کو نہیں دیکھ رہا وجہ اس کی یہ ہے کہ بلا ضرورت کسی شخص کی طرف ٹکٹکی باندھ کر دیکھنا اس کو مشوش کرتا ہے ـ اور یہ بات میرے ہی ساتھ مخصوص نہیں یہ امر طبعی ہے کہ اگر ایک شخص ایک شخص کو برابر دیکھے چلا جا رہا ہو تو اس کو شبہ ہوتا ہے کہ کوئی خاص بات ہے جو مجھ کو گھور رہا ہے ـ ہاں ! ایسے وقت شیخ کی طرف نظر کرنا کہ جس وقت اس کو علم نہ ہو اس کے دیکھنے کا کوئی حرج نہیں یا خود شیخ اس کی طرف متوجہ ہو یا کچھ پوچھے یا بتلائے اس وقت چونکہ شیخ خود متوجہ ہوتا ہے اس وقت دیکھنے میں بھی کوئی حرج نہیں ـ یہ میں اس لئے کہہ رہا ہوں کہ آج کل فہم اور عقل کا قحط ہے لوگ افراط تفرط میں مبتلا ہیں شاید اس سے بد فہم لوگ شیخ کے متوجہ ہونے کے وقت بھی اس طرف دیکھنے اور بولنے کو ادب کے خلاف سمجھ بیٹھیں ـ