( ملفوظ 452 ) زمانہ غدر میں بعض بزرگوں کا واقعہ

ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ان حضرات عارفین کی شان ہی جدا ہوتی ہے ۔ زمانہ غدر میں جب بعض بزرگوں پر بغاوت کا الزام لگایا گیا تو ایک بزرگ گرفتار کر لیے گئے اور اجلاس پر ان حضرات کا بیان لیا گیا ، حاکم نے دریافت کیا کہ آپ لڑے ، فرمایا کہ میرے تو کبھی باپ دادا بھی نہیں لڑے ۔ دریافت کیا کہ آپ نے گورنمنٹ کے خلاف ہتھیار اٹھائے ، حضرت نے تسبیح دکھلا دی کہ ہمارا ہتھیار تو یہ ہے دریافت کیا کہ تم نے فساد کیا ، فرمایا کہ مسلمان فساد نہیں کر سکتا ، ان حضرت کو جیل میں رکھا گیا تھا ، ان کی برکت سے جیل خانہ خانقاہ ہو گیا تھا ، یہ جہاں بیٹھ جائیں گے وہی رنگ پھیلائیں گے ۔ ایک اور بزرگ تین دن تک چھپے رہے پھر ظاہر ہو گئے کسی نے تحدید کی وجہ پوچھی ، فرمایا کہ یہ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی سنت تھی ، حضور صلی اللہ علیہ و سلم تین دن غار ثور میں رہے ۔`