ملفوظ 230: ابن عربی کے نزدیک شیخ کے صفات

ابن عربی کے نزدیک شیخ کے صفات ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا ! کہ ایک رسالہ میں ایک جامع مضمون لکھا کہ اگر وہ ذہن میں آ جائے تو پھر سارے رسالہ کی ضرورت ہی نہ رہے ـ کہتے ہیں کہ شیخ میں دین ہونا چاہیے انبیاء کا سا ـ اور سیاست یعنی دارو گیر محاسبہ معاقبہ سلاطین کا سا ـ تجویز اطباء کی سی کہ وہ ہر شخص کا جدا علاج جدا جدا تجاویز سے کرتا ہے ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت شیخ میں انبیاء کا سا دین کیسے ہو سکتا ہے فرمایا یہ مراد نہیں کہ ان کے برابر ہو بلکہ اخلاص میں تشبیہ ہو یعنی اعمال میں غوائل دنیا اور نفس کی خواہشوں کی آمیزش نہ ہو ـ یہ مراد ہے جس میں یہ باتیں ہوں وہ شیخ ہو سکتا ہے ـ