ملفوظ 247: ایک صاحب کو پیشین گوئیوں کا مرض فرمایا ! کہ ایک صاحب کو پیشین کوئیوں کا بہت مرض ہے ان کے متعلق ایک صاحب کا خط آیا ہے اور دریافت کیا ہے کہ فلاں صاحب نے آپ کے متعلق جو پیشین گوئی کی تھی وہ کیا ہے اور پوری ہوئی یا نہیں ؟ حضرت والا نے جواب میں تحریر فرمایا کہ تعجب ہے پیشین گوئی تو کریں فلاں صاحب اور دریافت فرمائیں مجھ سے انہیں سے پوچھیئے ـ ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت کے مدرسہ دیوبند کی سرپرستی سے استعفی دینے کی خبر تھی اس کی ان صاحب نے پیشین گوئی کی تھی ـ غالبا یہ وہ ہے حضرت والا نے مزاحا فرمایا کہ جب استعفی کے بعد خبر دی یہ تو پسیں گوئی ہوئی پیشین گوئی تو نہ ہوئی ـ ملفوظ 248: حضرت گنگوہیؒ اور احمد رضا خاں فرمایا ! کہ امیر شاہ خان صاحب مرحوم فرماتے تھے کہ مولوی محمد یحیٰ صاحب مرحوم سے حضرت مولانا گنگوہیؒ نے فرمایا کہ بھائی احمد رضا خاں صاحب کے رسائل آیا کرتے ہیں کہیں سے سناؤ تو کوئی حق بات اگر اس میں ہو گی تو مان لیں گے مولوی یحیٰ صاحب نے عرض کیا کہ حضرت ان میں تو گالیاں ہی گالیاں ہیں فرمایا کہ دور کی گالیاں لگا نہیں کرتیں سناؤ تو مولوی صاحب نے عرض کیا کہ میں تو نہیں سنا سکتا خاموش ہو گئے ـ اس پر حضرت والا نے فرمایا کہ اللہ رے بے نفسی حضرت گنگوہیؒ کی ـ کہ ایسے مخالف اور مقابل سے حق بات قبول کرنے میں بھی استنکاف ( عار) نہیں بلکہ اس کا اہتمام فرمایا ـ
