ملفوظ 362: امراض باطنی سے بچنے کی بڑی تدبیر

امراض باطنی سے بچنے کی بڑی تدبیر ایک مولوی صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ بڑی تدبیر معاصی اور امراض باطنی سے بچنے کی بھی یہ ہے کہ کسی کامل کی طرف رجوع کر لے اس کی بتلائی ہوئی تدابیر پر استقامت کے ساتھ عمل کرے اس تدبیر سے انشاء اللہ تعالی چند روز میں تمام رذائل سے پاک ہو جائے گا اور اعمال صالحہ کی توفیق ہو جائے گی ـ اسی کو فرماتے ہیں ؎ عاشق کہ شد کہ یار بحالش نظر نکرد ٭ اے خواجہ درد نیست وگرنہ طبیب ہست ( ایسا کون ہے جو عاشق ہوا ہو اور محبوب نے اس کے حال پر عنایت نہ فرمائی ہو ـ میاں درد ہی نہیں ہے ورنہ طبیب تو موجود ہے 12) اور فرماتے ہیں ؎ بے عنایات حق و خاصان حق ٭ گر ملک باشد سیہ ہستش ورق ( حق تعالی کی اور خاصان خدا کی عنایت کے بغیر اگر فرشتہ بھی ہو تو اس کا بھی نامئہ اعمال سیاہ ہو 12) 21 رمضان المبارک 1350ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم شنبہ