ملفوظ 175: اپنے شیخ کے بارے میں کیا عقیدہ رکھے ؟

پنے شیخ کے بارے میں کیا عقیدہ رکھے ؟ ایک صاحب نے عرض کیا کہ حضرت نے ان صاحب کے اس لکھنے پر کہ حضور مشرق مغرب ،جنوب و شمال تمام دنیا بھر کے بزرگ ہیں یہ تحریر فرمایا ہے کہ توبہ کرو توبہ ـ اور میں نے ایک مرتبہ ایک صاحب کے سامنے مسجد میں اس پر قسم کھائی تھی کہ دنیا میں حضرت سے بڑھ کر اس وقت اصلاح کے لئے کوئی رہبر نہیں تو کیا مجھ کو بھی توبہ کرنا چاہئے ـ مزاحا فرمایا کہ توبہ سے کیا ہوتا ہے کفارہ کی ضرورت ہے ـ فرمایا کہ حضرت حاجی صاحبؒ کا فیصلہ اس بارہ میں بہرتین فیصلہ ہے ـ وہ یہ ہے کہ اپنے شیخ کی نسبت یہ عقیدہ رکھے کہ زندہ بزرگوں میں میری کوشش ہے اس سے زیادہ مجھ کو نفع پہنچانے والا مجھ کو نہیں مل سکتا ـ حضرت حاجی صاحبؒ اس فن کے امام تھے مجتہد تھے اور وہ شان تھی جس کو مولانا فرماتے ہیں ؎ بینی اندر خود علوم انبیاء ٭ بے کتاب وبے معید واو ستا ترجمہ : تو اپنے اندر بغیر کسی مدد گار اور استاد کے علوم نبوت کا مشاہدہ کریگا ـ