ملفوظ 370: فرسٹ کلاس میں سفر کرتے ہوئے ایک صاحب کا واقعہ

فرسٹ کلاس میں سفر کرتے ہوئے ایک صاحب کا واقعہ ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ فرسٹ کلاس سکنڈ کلاس کے درجوں میں بعض اوقات بڑے بڑے شریر لوگ سفر کرتے ہیں ایک صاحب مجھ سے اپنا واقعہ بیان کرتے تھے کہ ایک مرتبہ میں کسی بڑے درجہ میں لکھنو جا رہا تھا ایک انگریز بھی اس میں سوار ہوا جس وقت اسٹیشن سے گاڑی چھوٹ لی چلتی چلتی گاڑی میں مجھے آ چٹپا اور گھوسم گھوسا ہونے لگا یہ شخص بھی تنومند تھے کہتے تھے کہ کبھی وہ اوپر اور میں نیچے اور کبھی میں اوپر اور وہ نیچے اور اس قدر چالاک اور شریر کہ جہاں اسٹیشن آیا چپکے سے سیدھا ایک طرف جا بیٹھے جس سے معلوم ہوتا تھا کہ کچھ نہیں جانتا اور جہاں اسٹیشن سے گاڑی چلی اور پھر آ چٹپا اور پھر گھوسم گھوسا ہونے لگا شاید اس روز سے ان درجوں میں بیٹھنے سے میں نے توبہ کر لی ہو گی ـ