غیر مقلدین میں بدگمانی کا مرض ایک صاحب کے سوال کے جواب میں فرمایا کہ غیر مقلدین میں بد گمانی کا مرض بہت زیادہ ہے دوسروں کو حدیث کا مخالف ہی سمجھتے ہیں ـ اور اپنے کو عامل بالحدیث ـ ان کے عمل بالحدیث کی حقیقت مجھ کو تو ایک خواب میں زمانہ طالب علمی میں بتلا دی گئی تھی گو خواب حجت شرعیہ نہیں لیکن مؤمن کیلئے مبشرات میں سے ضرور ہے جبکہ شریعت کے خلاف نہ ہو بالخصوص جبکہ شریعت سے متاید ہو ـ میں نے یہ دیکھا کہ مولانا نذیر حسین صاحبؒ دہلوی کے مکان پر ایک مجمع ہے اس کو چھاچ تقسیم ہو رہی ہے ایک شخص میرے پاس لایا مگر میں نے لینے سے انکار کر دیا ـ حدیث میں دودھ کی تعبیر علم اور دین آئی ہیں پس اس میں ان کے مسلک صورت تو دین کی ہے مگر اس میں روح اور حقیقت دین کی نہیں چھاچ میں سے مکھن نکال لیا جاتا ہے مگر صورت دودھ کی ہوتی ہے ـ
