فرمایا ! کہ ایک خط آیا ہے منجملہ اور باتوں کے یہ بھی لکھا ہے کہ میری یہ حالت ہے کہ
بعضے دوست بے مہار مجھ کو جہاں چاہتے ہیں لے جاتے ہیں مراد تماشہ وغیرہ میں لے جانا ہے ـ بوجہ تعلقات کے انکار مشکل ہوتا ہے جس سے میری حالت اور بھی خراب ہوتی جاتی ہے ـ بطور مزاح فرمایا کہ تو کیا پیر جی ان کو مہار سنبھال کر کھڑے ہوا کریں ـ اطلاع سے یہ ہی مطلب ہوا ـ ایک صاحب نے عرض کیا کہ ایسے شخص کو کچھ دنوں یہاں پر رہنے کی ضرورت ہے فرمایا کہ اگر خالی الذہن ہو کر یعنی سب رایوں کو فنا کر کے رہیں تو کچھ فائدہ ہو سکتا ہے کیونکہ خود رائے شخص اتباع نہیں کر سکتا ـ یہ ایک بزرگ سے مرید ہیں ان کا شاید اب انتقال ہو چکا ہے جو لوگ پہلے کسی غیر محقق سے تعلق رکھ چکتے ہیں اور پھر کسی کی طرف جوع کرتے ہیں ان کا ٹھیک ہونا اکثر دشوار ہوتا ہے ـ یہ تجربہ کی بات ہے کوئی بہت ہی فہیم اور سلیم طبیعت کا آدمی ہو تو اس کی اصلاح ہو جاتی ہے ورنہ اکثر نا کامیابی ہوتی ہے اور اپنے بزرگوں کے متعلقین میں یہ مانع نہیں وجہ اس کی یہ ہے کہ مذاق ایک ہے بہت جلد مناسبت ہو جاتی ہے ـ
