( ملفوظ 216 ) حج کے جوش میں کمی اور حضرت گنگوہی

خواجہ صاحب نے عرض کیا کہ حضرت لوگ حج کو جا رہے ہیں ان کو دیکھ کر جوش اٹھتا ہے ، فرمایا کہ مجھ میں تو یہ بات نہیں ۔ حضرت مولانا گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ سے کسی شخص نے کہا تھا کہ اگر حضرت بیت اللہ تشریف لے جائیں تو سفر خرچ کے لیے کل روپیہ میں دوں گا ۔ سن کر فرمایا دیکھو تو کیسی اچھی بات ہے ایک تو بیت اللہ کی زیارت اور دوسرے حضرت حاجی صاحب سے ملاقات مگر کچھ حالت ایسی ہو گئی ہے کہ طبیعت میں جانا نہ جانا دونوں برابر سے معلوم ہوتے ہیں ۔ پھر اپنی نسبت فرمایا کہ اب بوڑھے ہو گئے حرارت غریزی جس قدر کم ہوتی جاتی ہے امنگیں بھی کم ہوتی جاتی ہیں ۔