ملفوظ 143: حضرتؒ پر تہمت اور حضرت کے چند مواعظ

حضرتؒ پر تہمت اور حضرت کے چند مواعظ ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا ! کہ ایک صاحب مجھ سے حکایت بیان کرتے تھے کہ کاٹھیا واڑ میں میرے متعلق بعض عنایت فرماؤں نے یہ مشہور کر رکھا ہے کہ فلاں شخص حضورؐ پر ایمان لانے کو منع کرتا ہے ـ یہ سن کر میں بڑا خوش ہوا کہ تہمت بھی لگائی تو ایسی جس کو کوئی قبول ہی نہیں کر سکتا فرمایا کہ میرے چند وعظ ہیں جن کے یہ نام ہیں ـ النور ، الظہور ، السرور ، الحبور ،

الشذور ـ ان رسائل کو دیکھ کر کسی سجھ دار اور فہیم شخص کو یہ شبہ ہی نہیں رہ سکتا کہ میں حضور اقدس ؐ کی کوئی بے ادبی یا کسی قسم کی نعوذ باللہ تنقیص کر سکتا ہوں ـ السرور میں عید میلاد النبی پر پوری بحث کی ہے ـ اور الظہور میں عجیب بات ہے کہ مثنوی شریف سے آپ کے فضائل کو ثابت کیا ہے جس کا تعلق دیکھنے سے ہے باقی میں دعوی نہیں کرتا ـ قلیل العلم اور ضعیف الرائے کی رائے اور تحقیق ہی کیا ـ مگر اللہ تعالی کے فضل کو ظاہر کرتا ہوں ـ