لفوظ 142: کام سپرد کرنے سے پہلے اہلیت کی تحقیق

ام سپرد کرنے سے پہلے اہلیت کی تحقیق ایک مولوی صاحب نے ایک مدرسہ کے ارکان اور منتظمین کی کچھ انتظامی کوتاہیاں بیان کر کے حضرت والا سے مشورہ چاہا اور بعض خاص صورتیں پیش کر کے حکم شرعی دریافت کیا اس پر حضرت مولانا نے فرمایا کہ یہ انتخاب کی غلطی ہے قاعدہ یہ ہے کہ جس کے جو کام سپرد کیا جائے پہلے یہ دیکھ لیا جائے کہ یہ اس کام کی ذمہ داری کا اہل ہے یا نہیں یہ تو بے چارہ مدرسہ ہے بعض سلطنتیں اس غلطی انتخاب کی بدولت تباہ و برباد ہیں یہ جو کچھ آجکل ارکان سلطنت کو پریشانیاں ہو رہی ہیں اس کی ایک خاص وجہ یہ بھی ہے کہ اکثر احکام اہل نہیں وہ اپنے فرائض منصبی کو محسوس نہیں کرتے اور اگر بعض کرتے بھی ہوں تو اس کے انجام دہی میں غفلت سے کام لیتے ہیں ـ غرضیکہ سبب ان خرابیوں کا غلط انتخاب ہے ـ رہا حکم شرعی کے متعلق وہ یہ ہے کہ کتابوں میں مسئلہ دیکھ لیا جائے مجھ کو تو ان تحقیقات سے زیادہ مناسبت نہیں آپ حضرات مجھ سے زیادہ جاننے والے ہیں ـ