ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ مدرسہ دیوبند میں بڑے ہی با کمال حضرات کا اجتماع رہ چکا ہے اب ان حضرات کو آنکھیں ڈھونڈتی ہیں بڑا ہی با برکت اور با خیر مجمع تھا حضرت مولانا محمد یعقوب صاحب رحمتہ اللہ علیہ کیسے جامع کمالات تھے ہر فن میں کمال رکھتے تھے ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ سنا ہے کہ حضرت مولانا قاسم صاحب رحمتہ اللہ علیہ یہ فرمایا کرتے تھے کہ مولوی سید احمد صاحب مدرس ثانی کے ذہن اور میرے ذہن کی ایک نوعیت ہے ـ حضرت والا نے سن کر فرمایا کہ یہ مقولہ حضرت مولانا احمد حسن صاحب امروہی رحمتہ اللہ علیہ کی نسبت سنا ہے ـ اسی سلسلہ میں فرمایا کہ مولانا سید احمد صاحب رحمتہ اللہ علیہ نے قصائد عرفیہ میں میرا سالانہ امتحان لیا کتابیں میں نے کبھی توجہ کے ساتھ نہ دیکھیں نہ پڑھیں میں نے گھونٹ گھانٹ کر ایک تقریر کر دی ـ فرمایا اور کچھ میں نے پھر ایک دوسری تقریر کردی فرمایا ـ اور میں نے ایک اور تیسری تقریر کر دی ـ آخر میں فرمایا کہ ان میں سے ایک مطلب بھی صحیح نہیں مگر تمہاری ذہانت پر نمبر دیتا ہوں میں نے اپنے دل میں کہا کہ جناب اس وقت تو نمبر ہی مقصود ہے کتاب کس کو مقصود ہے ـ
