ملفوظ 293: مدرسہ کی سند سے متعلق حضرت مولانا محمد یعقوبؒ سے درخواست ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا ! کہ مجھ کو مدرسہ سے سند نہیں ملی مدرسہ نے دی نہیں ہم نے مانگی نہیں کیونکہ یہ اعتقاد تھا کہ ہم کو کچھ اتا نہیں پھر سند کیا مانگتے بلکہ میں مع چند ہم سبقوں کے زمانہ جلسہ میں حضرت مولانا محمد یعقوب صاحبؒ کے پاس گیا اور عرض کیا کہ یہ معلوم ہوا ہے کہ مدرسہ سے ہم لوگوں کو سند ملنے والی ہے مگر چونکہ ہم کو کچھ آتا جاتا نہیں اس لئے اس کو موقوف کر دیجئے ـ جوش میں آ کر فرمایا کون کہتا ہے کہ تم کو آتا نہیں یہ خیال اپنے اساتذہ کو دیکھ کر آتا ہے لیکن باہر جہاں جاؤ گے تم ہی تم ہو گے اللہ اکبر ! کیسے توکل کیساتھ فرما دیا تھا ـ 17 رمضان المبارک 1350ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم سہ شنبہ
