ملفوظ 209: مختلف مسائل جمع کرنے پر حضرت کا لطیف جواب فرمایا ! کہ ایک صاحب کا خط آیا ہے اس میں کچھ حالات باطنی کے متعلق پوچھا ہے کہ کچھ مسائل فقہی پوچھتے ہیں اور میں بنا بر مصالح خاصہ مختلف مضامین کو ایک ہی خط میں جمع کرنے سے منع کیا کرتا ہوں تو میں جواب میں گو یہ لکھ سکتا تھا کہ جس خط میں احوال باطنی ہوں اس میں مسائل مت پوچھا کرو مگر میں نے اس کو احکام کے ساتھ سوء ادب سمجھ کر یہ لکھا ہے کہ جس میں مسائل پوچھنے ہوں اس میں دوسری بات نہ لکھنا چاہئے اصل میں تو جمع کرنے سے منع کرنا ہے مگر چونکہ مسائل اہم اور بڑی چیز ہیں ان کے متعلق اس طرح لکھنا کہ احوال باطنی کے ساتھ مسائل نہ پوچھا کرو ـ ایک قسم کا سوء ادب ہے ـ بحمداللہ میرے یہاں ہر چیز اپنے اپنے مراتب اور حدود پر رہتی ہے ـ
