ملفوظ 160: شیخ سے اپنی چیز استعمال کروا کے متبرک کرنا

شیخ سے اپنی چیز استعمال کروا کے متبرک کرنا ایک مولوی صاحب نے اپنی تسبیح حضرت والا کے سامنے پیش کر کے عرض کیا کہ حضرت اس پر پڑھ دیجئے گا برکت کیلئے اور ساتھ ہی میں یہ بھی عرض کیا کہ یہ بہت ہی سہل طریق ہے تبرک بنانے کا ۔ فرمایا کہ واقعی بہت اچھی تدبیر ہے یہاں تو نہیں ـ مگر عرب میں یہی طریقہ دیکھا ہے کہ شیخ سے اپنی چیز استعمال کرا کر اس کو تبرک بنا لیا جاتا ہے ـ ہمارے حضرت حاجی صاحبؒ کے یہاں ہندوستانی لوگ جو حج کو جاتے تھے تبرک مانگتے تھے حضرت کی یہ حالت تھی کسی کو تہبند اور کسی کو کرتہ اور کسی کو ٹوپی دے رہے ہیں ـ آخر کہاں تک کوئی انتہا نہ تھی بعض اوقات اس تقسیم کی بدولت حضرت کے پاس کپڑے نہ رہتے تھے عرب کا طریق نہایت ہی پسندیدہ ہے کہ اپنی چیز کو تبرک بنوا لیا جائے ـ