تنظیم کا طریقہ ایک مولوی صاحب نے ایک تحریر پیش کر کے حضرت والا سے مشورہ چاہا حضرت والا نے ملاحظہ فرما کر فرمایا کہ غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر عوام اور خواص سب کسی ایک کے متبوع بنانے پر متحد متفق ہو کراس کام کو کریں تو تنظیم ہو سکتی ہے ـ متفرق کام کرنے سے کچھ بھی نہیں ہو سکتا ـ عرض کیا کہ متبوع کی تعیین کیلئے قرعہ ڈال لیا جائے ـ فرمایا اسی پر راضی ہو جائیں کہ قرعہ میں جس کا نام آ جائے گا اس کو مان لیں گے ـ مدار تو مان لینے پر ہے اس کے بعد تدابیر سب ہو سکتی ہیں ـ عرض کیا امید ہے کہ مان تو لیں گے فرمایا کہ جب یہ امید ہے تو آپ ہی اس کی ابتداء فرمائیں اور بھی شریک ہو جائیں گے ـ قبل اس کے کہ کام شروع ہو شریک ہونا نہ ہونا برابر ہے ـ
