ملفوظ 296: تحریک خلافت میں حضرتؒ پر بہتان ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا ! کہ بعض احمقوں نے زمانہ تحریک خلافت میں مجھ پر یہ بہتان باندھا کہ اس کو گورنمنٹ سے تین سو روپیہ تنخواہ ملتی ہے ایک شخص نے بڑا معقول جواب دیا کہ اس سے یہ تو معلوم ہو گیا کہ گورنمنٹ سے خوف زدہ تو نہیں ورنہ گورنمنٹ دباؤ سے کام لیتی اور تنخواہ نہ دیتی لیکن اس سے طمع معلوم ہوتی ہے ـ اب طمع کی جب یہ حالت ہے تو تم تین سو سے زائد کرو جب تو تمہارے ساتھ ہو جائیں گے ورنہ حقانیت معلوم ہو جائیگی ـ ایک صاحب سے ایک اور شخص نے میرے متعلق یہی کہا کہ تنخواہ پاتے ہیں انہوں نے دریافت کیا کہ کیا تم کو اس پر یقین ہے کہ یہ صحیح ہے ایمان سے کہنا کہا کہ بلکہ یہ یقین ہے کہ یہ بالکل جھوٹ بات ہے انہوں نے کہا کہ پھر کیوں ایسا کہتے ہو کہنے لگے کہ اپنی آواز کو زور دار بنانے کیلئے یہ دین ہے ان لوگوں کا اللہ تعالی اپنا رحم فرمائیں ـ
