احیا ء العلوم کے باب الخوف کا مطالعہ نہ کریں فرمایا ! کہ میں اپنے احباب کو مشورہ دیتا ہوں کہ کتاب احیاء العلوم کے باب الخوف کا نہ دیکھیں امام پر ہیبت غالب ہے اس لئے عنوانات سخت ہیں جن کا تحمل نہیں ہوتا مثلا لکھا ہے کہ حق تعالی کا ارشاد ہوا ہے اے داؤد مجھ سے ایسے ڈرو جیسے کہ درندہ سے ڈرتے ہیں اس پر امام علیہ الرحمتہ نے لکھا ہے کہ درندہ مجرم ہی کو نہیں پھاڑتا ـ یہاں پر ظاہر میں شبہ ہوتا ہے کہ تعذیب بلاوجہ ہو سکتی ہے حالانکہ مطلب یہ ہے جیسے درندہ سے کہ غیر مجرم بھی ڈرتا ہے کہ وہ محض عظمت کا خوف ہے اسی طرح حق تعالی سے ڈرنا چاہئے خواہ کوئی جرم نہ کیا ہو تو وجہ تشبیہ صرف یہ ہے نہ یہ کہ حق تعالی غیر مجرم کو بھی عذاب دیتے ہیں امام علیہ الرحمتہ کی عبارت نا کافی ہے غلبہ حال کی وجہ سے ـ
