( ملفوظ 487)آزادی کے زمانہ اور اتباع حق سے بھی انکار

ایک سلسہ گفتگو میں فرمایا کہ آج کل آزادی اور حریت کا زمانہ ہے لوگوں کو دوسروں کے اتباع سے عار آتی ہے اور اس طریق میں یہ طرز سم قاتل ہے ۔ میں یہ چاہتا ہوں کہ اتباع کی عادت ہو اور طبیعتیں اس کی خوگر ہوں تا کہ اتباع ظاہری کی عادت سے انقیاد باطنی کا مادہ پیدا ہو جائے ۔ اب تو یہاں تک آزادی کا مرض بڑھ گیا ہے کہ کسی استاد یا شیخ یا والدین کا تو کیا اتباع کریں گے اللہ تعالی ہی سے آزاد رہنا چاہتے ہیں ۔ ( نعوذ باللہ منہ استغفر اللہ )
یکم ذی الحجہ 1350 ھ مجلس بعد نماز جمعہ