( ملفوظ 156 )چشتی اور نقشبندی مزاج کا فرق

ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ایک مولوی صاحب نے حضرت حاجی صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے مشورہ لیا کہ میں چشتی سلسلہ میں بیعت کروں یا نقشبندی سلسلہ میں ، حضرت نے فرمایا کہ اچھا پہلے ایک بات بتلاؤ کہ ایک زمین میں تخم پاشی کرنا ہے اور اس میں جھاڑ جھونڈ بہت ہیں تو کس طریق سے تخم پاشی کرنا مناسب ہے آیا اول تخم پاشی کر دے پھر تدریجا زمین کو صاف کرتا رہے یا اول اس جگہ کو صاف کر کے پھر تخم پاشی کرے ، عرض کیا کہ حضرت میری رائے میں تو اول تخم پاشی کر دینی چاہیے پھر زمین کو صاف کرتا رہے ۔ فرمایا جاؤ نقشبندیوں میں جا کر بیعت ہو جاؤ ہمارے یہاں یعنی چشتیوں میں تمہارا کچھ کام نہیں کیونکہ نقشبندیہ میں اول تحلیہ بالحاء المہملہ ہے پھر تخلیہ بالخاء المعجمہ اور چشتیوں میں بالعکس پھر فرمایا کہ مذاق کا دریافت کرنا بڑے حکیم کا کام ہے پھر ایسی سہولت سے کیا ٹھکانا تھا ، حضرت کی فراست کا معقولات کو محسوسات کی صورت میں دکھلا دیا ۔