( ملفوظ 87 )غیر ضروری سوالات پر حضرت کا جواب

ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ اکثر خطوط میں غیر متعلق اور غیر ضروری سوال آتے ہیں ان میں بعض تو اقارب کے خطوط ہوتے ہیں سو ان سے تو اور معاملہ ہوتا ہے مگر دوست احباب جو ایسی فضولیات پوچھتے ہیں مثلا طاعون وغیرہ کے متعلق یا اور کوئی غیر ضروی سوال کرتے ہیں یا پوچھتے ہیں میں اکثر یہ شعر لکھ دیتا ہوں :

ما قصہ سکندر دارا نخواندہ ایم از ما بجز حکایت مہر و وفا مپرس

اکثر لوگ خواب لکھ کر بھیج دیتے ہیں میں لکھ دیتا ہوں کہ مجھ کو تعبیر سے مناسبت نہیں اور یہ شعر لکھ دیتا ہوں :

نہ شبم نہ شب پرستم کہ حدیث خواب گویم چو غلام آفتابم ہمہ ز آفتاب گویم

اگر خواب کے قصہ میں رہوں تو بیداری کا کوئی بھی نہ ہو ، میں یہ چاہتا ہوں کہ ضروریات میں وقت صرف ہو اور کام کی باتوں میں سب مشغول ہیں ، فضولیات کو سب چھوڑ دیں ۔