ملفوظ 262: حضرت حاجیؒ اور علوم طریق کا اظہار

حضرت حاجیؒ اور علوم طریق کا اظہار فرمایا ! کہ حضرت حاجی صاحبؒ اپنے زمانہ میں حجتہ اللہ فی الارض تھے جو علوم صدیوں سے مخفی تھے اللہ تعالی نے ان کی زبان سے ظاہر فرما دیے ان کی سب سے بڑی دولت طریق تربیت تھا کوئی آدمی ایسا نہ دیکھا کہ جس نے حضرت سے اپنی حالت بیان کی ہو اور اس کی پریشانی زائل نہ ہو گئی ہو ـ ملفوظ 263: وسوسہ کیا ہے ؟ ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت وسوسہ کیا شے ہے فرمایا کہ جو امر منکر بلا اختیار قلب پر وارد ہو جائے میں اسی کو وسوسہ سمجھتا ہوں مگر چونکہ بلا اختیار ہے اس لئے مضر نہیں ـ