آج بعد نماز ظہر اس طالب علم نے اعلان کیا جس کے جھوٹ بولنے پر حضرت والا نے نکل جان کا حکم دیا تھا وہ یہ اعلان تھا کہ میں نے جو غلطیاں کی تھیں ان کو عرض کرنا ہے یہ مسجد میں کھڑے ہو کر کہا تھا حضرت والا نے فرمایا کہ مسجد سے باہر جا کر منادی کرو ، مسجد منادی کی جگہ نہیں ، یہ اور الفاظ بھی ساتھ کہہ دینا کہ جن صاحب کا جی چاہے وہ صاحب میرا وعظ ( اعلان ) سنیں اس طالب علم نے بعد انفراغ سنت ظہر ایک تحریر پڑھ کر سنائی جس میں تمام غلطیوں کو تفصیلا لکھا تھا ، سنا لینے کے بعد حضرت والا نے فرمایا کہ اس شخص کو خوش لباسی کا شوق ہے اسی سے اس کو روکا گیا لیکن کل عید ہے جس میں احسن الثیاب کا استعمال مستحب ہے اس لیے اس کے لیے بھی عید بقر کو مستثنی کر دیا ہے ۔ کل جس قسم کا چاہے لباس پہنے اجازت ہے کل کے بعد علاج شروع ہو گا ۔ ایک خاص قسم کی وردی اس کے لیے تجویز کروں گا میری تعلیم میں الحمدللہ ہر چیز کی رعایت رہتی ہے اور یہ استثناء نماز میں وارد ہوا نماز کی واردات صحیح ہوتی ہے ۔ یہ طالب علم ہے ، طالب علمی کے زمانہ میں مطیع ہو کر رہنا چاہیے ۔
