ملفوظ 223: ممکن ہے کہ شیخ کے پیر سے مناسبت نہ ہو فرمایا ! کہ جب حضرت حاجی صاحب نے حضرت مولانا گنگوہی کو بیعت کی اجازت دی مولانا نے اسی وقت عذر فرمایا مگر حضرت نے اصرار سے فرمایا مولانا گنگوہ پہنچے تو ایک بی بی نے مرید ہونے کی درخواست کی حضرت گنگوہی رحمتہ اللہ علیہ نے انکار فرما دیا ـ اتفاق سے حضرت حاجی صاحب گنگوہ تشریف لائے اس وقت حاجی صاحب سے اس بی بی نے شکایت کی ـ حضرت نے مولانا سے فرمایا کہ اس کو بیعت کرو مولانا نے عرض کیا کہ حضرت اب تو آپ تشریف رکھتے ہیں آپ ہی کر لیجئے ـ حضرت حاجی صاحبؒ نے اس پر عجیب جواب دیا جس میں ایک مسئلہ بھی بیان فرما دیا کہ اگر اس کو مجھ سے عقیدہ نہ ہو تم سے ہی ہو پھر فرمایا ہمارے سامنے مرید کرو پھر اس کو مرید کیا مولانا سے ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت اس میں مسئلہ کیا ہوا فرمایا مسئلہ یہ ہوا کہ اگر پیربھی پیر ہو اور اس کی طرف میلان نہ ہو ( یعنی مناسبت نہ ہو ) تو اس سے نفع نہ ہو گا ـ
