ملفوظ 224: یاجوج ماجوج کا حال

ملفوظ 224: یاجوج ماجوج کا حال ایک مولوی صاحب نے عرض کیا کہ حضرت یاجوج ماجوج کی غذا کیا ہے فرمایا کہ حضرت مولانا محمد یعقوب صاحبؒ نے ایک مرتبہ فرمایا تھا ( حضرت کتابیں بہت دیکھتے تھے اس لئے باتیں زیادہ معلوم تھی ) کہ غذا یاجوج ماجوج کے لشکر کی ایک سانپ ہے جو آسمان کی جانب سے روزانہ گرتا ہے وہ اتنا بڑا ہوتا ہے کہ سبکو کافی ہو جاتا ہے ـ پھر فرمایا کہ حضرت مولانا گنگوہی رحمتہ اللہ علیہ سے سنا ہے کہ یاجوج ماجوج کو تبلیغ ہو چکی ہے اس لئے کہ حدیث شریف میں آیا ہے کہ رات بھر اس دیوار کو چاٹتے ہیں اور کھودتے ہیں جو ان کے درمیان حائل ہے جب وقت آئے گا تو وہ یہ کہیں گے کہ انشاء اللہ کل اس کو ختم کر دیں گے انشاء اللہ کہنے سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کو اللہ کا نام معلوم ہے اور تبلیغ ہو چکی ہے یہ نئی بات معلوم ہوئی پہلے سے معلوم نہ تھی ـ