ملفوظ 269: قطب التکوین ، قطب الارشاد اور قطب الاقطاب فرمایا ! کہ قطب التکوین کو اپنی قطبیت کا علم ضروری ہے مگر قطب الارشاد کو ضروری نہیں ـ ابدال وغیرہ بھی تکوینیات سے متعلق ہیں ـ قطب الارشاد میں تعدد ضروری نہیں قطب التکوین متعدد ہوتے ہیں مگر قطب الاقطاب تمام عالم میں ایک ہوتا ہے اس کا نام غوث ہے اہل کشف ان کو پہنچانتے ہیں قطب التکوین دائما ( ہمیشہ) اور قطب الارشاد احیانا ( کبھی کبھی ) متعدد بھی ہوتے ہیں ـ اسی سلسلہ میں فرمایا زمانہ تحریک خلافت میں خانقاہ کے پاس در افضل سے گولر کے نیچے میرے مکان کے سامنے ایک نہ ایک مجذوب رہا کرتے تھے ـ میں سمجھتا تھا ـ کہ شاید من جناب اللہ حفاظت کیلئے مقرر ہیں ایسے مجاذیب بدلتے بھی رہتے ہیں جیسے سرکاری حکام گورنمنٹ کے بدلتے رہتے ہیں
