ایک طالب علم نے ایک واقعہ کی نسبت کہیں باہر علماء سے استفتاء کیا تھا جواب آنے پر حضرت والا کو دکھایا گیا ملاحظہ فرما کر فرمایا کہ جواب صحیح نہیں ، فلاں فلاں علماء کو اور دکھانا چاہیے ۔ ایک صاحب نے عرض کیا کہ اگر جواب صحیح نہ ہو تو کیا چند مفتیوں کو دکھلانا ضروری ہے ، فرمایا کہ ضرورت کی بناء تو آپ خود ہی فرض کر رہے ہیں کہ اگر جواب صحیح نہ ہو ، عرض کیا کہ اگر شبہ ہو ، فرمایا کہ اگر شبہ ہو تب ہی دکھلانا ضروری ہے اور اگر شبہ نہ ہو تو پھر اس کا مکلف نہیں ، عرض کیا کہ اگر مفتی کو خود شبہ ہو تو اس کو کیا دوسرے مفتی سے پوچھنا چاہیے ، فرمایا کہ اس وقت بھی پوچھنا واجب ہے ۔
