( ملفوظ 205 )ذکر خفی اور ذکر بالجہر میں ریاء

ایک سلسلہ گفتگو میں فرمایا کہ ایک نقشبندی نے چشتی سے کہا کہ ہم نے سنا ہے کہ تم ذکر جہر کرتے ہو ؟ یہ اشارہ تھا ذکر جہر میں شائبہ ریاء کا ہے حتی کہ ہم تک کبھی اس کی خبر پہنچ گئی ۔ چشتی نے کہا کہ ہم نے سنا ہے کہ تم ذکر خفی کرتے ہو ۔ عجیب دیا مطلب یہ کہ اظہار ذکر میں ہم تم دونوں برابر ہیں ۔ چنانچہ تمہارے ذکر کی ہم کو خبر پہنچ گئی پس اگر اس میں ریاء ہے تو اس میں بھی ریاء ہے اور حضرت مولانا گنگوہی نے ایک ذاکر کے اس شبہ پر کہ اس میں ریاء ہے یہ جواب فرمایا تھا کہ ذکر جہر میں تو سب دیکھ رہے ہیں کہ اللہ اللہ کر رہے ہیں اور ذکر خفی میں گردن جھکائے بیٹھے ہیں دیکھنے والے سمجھتے ہیں کہ نہ معلوم لوح و قلم عرش کرسی کی سیر کر رہے ہیں تو اس حساب سے ذکر خفی میں ذکر جہر سے زیادہ ریاء ہے ۔
12 شوال المکرم 1350 ھ مجلس خاص بوقت صبح یوم شنبہ